ممبئی،5؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے کہا کہ 2009سے 2013کے درمیان تین سرجیکل اسٹرائیک کئے گئے، لیکن یو پی اے حکومت نے اسے کبھی عوامی نہیں کیا۔عثمان آباد ضلع میں 25ضلع پریشدوں کے لیے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کے بعد شندے نے کہاکہ کانگریس کی زیر قیادت والی یو پی اے حکومت نے ان حملوں کو کبھی عوامی نہیں کیا، لیکن نریندر مودی حکومت نے فوج کے اس آپریشن سے سیاسی فائدہ اٹھایا ، بی جے پی حکومت لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے صرف بڑے بڑے وعدے کرتی ہے۔قابل ذکرہے کہ مہاراشٹر میں 16اور 21؍فروری کو دو مراحل میں ضلع پریشد کے انتخابات ہوں گے۔انہوں نے دعوی کیا کہ نوٹ بند ی سے سب سے زیادہ کسان متاثر ہوئے ہیں۔شندے نے الزام لگایاکہ بلیک منی جمع خورورں کو نو ٹ بند ی سے فائدہ ہواہے ، حکومت یہ تفصیلات دینے سے قاصر رہی ہے کہ نوٹ بند ی کے بعد اب تک کتنی بلیک منی باہر آئی ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے نوٹ بند ی کے معاملے پر لوگوں کو گمراہ کیاہے ، یہ یو پی اے حکومت تھی جس نے بیرون ملک میں جمع بلیک منی کو واپس لانے کی ایماندارانہ کوشش کی ۔مہاراشٹر کانگریس کے صدر اشوک چوہان نے کہا کہ ضلع پریشد کے انتخابات ریاستی حکومت کے دو سال کے کاموں پر مینڈیٹ ہوں گے، فڑنویس حکومت نے لوگوں کی توقعات کو پورا نہیں کیاہے ۔